نئی دہلی : ہندوستان کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے سابق شوہر شعیب ملک کی پاکستان میں شادی کی خبر نے دونوں ممالک میں سوشل میڈیا پر کھلبلی مچا دی ہے۔ شعیب ملک نے ہفتے کے روز پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر شیئر کیں۔ اس کے بعد ثانیہ کی جانب سے بھی جواب آیا کہ دونوں کا طلاق چند ماہ پہلے ہوگیا تھا ۔ ثانیہ سے علاحدگی کے بعد شعیب ملک نے دوسری شادی کی۔ اب اس معاملے میں پاکستانی میڈیا سے بڑی معلومات سامنے آ رہی ہیں۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ثانیہ اپنے شوہر کے ‘عاشقانہ مزاج’ سے پریشان تھیں۔
شعیب اور ثانیہ کا ایک بیٹا ہے جس کا نام اذہان ہے جو گزشتہ سال اکتوبر میں 5 سال کا ہو گیا ہے۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا تقریبا دو سالوں سے کہیں بھی ایک ساتھ نظر نہیں آئے تھے۔ 2022 اور 2023 میں ثانیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا تھا۔ کئی بار ایسی خبریں بھی سامنے آئیں کہ دونوں کے درمیان جلد طلاق ہو سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے جوڑے کی جانب سے کچھ واضح نہیں کیا گیا تھا۔