بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے رام مندر کے افتتاح کی تقریب کو سیاسی اسٹیج بنانے کا الزام لگاتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر اور رام للا کی پران پرتشٹھا کے بارے میں کہا ہے کہ ایودھیا میں بھگوان رام کے مندر کی تعمیر سپریم کورٹ کے حکم سے ہو رہی ہے۔ چونکہ مرکز و ریاست میں فی الوقت بی جے پی کی حکومت ہے اس لیے سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کی ذمہ داری بی جے پی حکومت پر ہے۔
کمل ناتھ نے کہا کہ بی جے پی نے جس طرح سے اس پروگرام کو سیاسی رنگ دیا ہے اور مذہب کو سیاسی اسٹیج پر لانے کی کوشش کی ہے وہ نہایت افسوسناک ہے۔ بھگوان رام ہمیشہ سے ہم سبھی کے عقیدت کا مرکز رہے ہیں اور رہیں گے۔ اس پر سیاست کرنا مذہبی آزادی اور سناتنی روایت کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کے بھگوان رام کی پران پرتشٹھا کے موقع پر میں ملک کے تمام لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔