سری نگر: وادی کشمیر میں شدت کی سردی جاری ہے سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔یواین آئی کی خبر کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں طویل خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ ماہ رواں کے اگلے آخری ایام کے دوران ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 24 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 25 اور 26 جنوری کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 27 اور 28 جنوری کو بھی موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارشیں یا برف باری متوقع ہے جبکہ 20 سے 31 جنوری کے دوران کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں یا برف باری کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد میں وادی میں ا یک فروری کو بھی ہلکی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں میں اگلے دو دنوں کے دوران گہری دھند چھائی رہنے کے ساتھ ساتھ دن کے درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوئی ہے۔