ممبئی : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان 2036 کے اولمپکس کو ملک میں منعقد کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا کیونکہ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا خواب ہے۔ یہاں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میں آپ کے سامنے 140 کروڑ ہندوستانیوں کے جذبات پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ہندوستان اپنی سرزمین پر 2036 کے اولمپکس کے انعقاد کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا خواب اور خواہش ہے۔ ہم آپ کے تعاون سے اس خواب کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے ہندوستان 2029 میں ہونے والے یوتھ اولمپکس کی میزبانی کا بھی خواہشمند ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کو آئی او سی کی مسلسل حمایت حاصل رہے گی۔ ہندوستان بڑے پیمانے پر عالمی ایونٹ کی میزبانی کے لئے تیار ہے، دنیا نے جی 20 کی میزبانی کے دوران یہ دیکھا ہے۔