یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) پر لاء کمیشن نے مذہبی تنظیموں اور عوام سے ان کی رائے بھیجنے کی اپیل کی تھی اور اس کے لیے 14 جولائی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ لیکن ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ لاء کمیشن نے یونیفارم سول کوڈ پر مشورہ بھیجنے کی نئی آخری تاریخ 28 جولائی طے کی ہے۔ یعنی مذہبی تنظیمیں اور عوام اب اپنا نظریہ اور رائے لاء کمیشن کو 28 جولائی تک ای میل کر سکتے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی اور اے این آئی کی ایک خبر کے مطابق لاء کمیشن نے کہا ہے کہ یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں عوام کا زبردست رد عمل اور اپنے تبصرے پیش کرنے کے لیے وقت کی توسیع کے سلسلے میں مختلف شعبوں سے حاصل کئی گزارشات پر غور کیا گیا۔ ان گزارشات کو دیکھتے ہوئے لاء کمیشن نے اس کے لیے دو ہفتہ کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی 14 جولائی کی جگہ اب 28 جولائی تک سبھی اپنی رائے لاء کمیشن کو بھیج سکتے ہیں۔