نئی دہلی (یو این آئی) مرکزی وزیر کھیل انوراگ سنگھ ٹھاکر نے احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے ساتھ چھ گھنٹے کی میٹنگ کے بعد بدھ کو کہا کہ ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن (ڈبلیو ایف آئی) کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس کی تحقیقات 15 جون تک پوری ہو جائیں گی۔ٹھاکر نے کہا کہ ڈبلیو ایف آئی کے نئے صدر کا انتخاب 30 جون تک ہوگا۔ ریسلنگ فیڈریشن کے روزانہ کے کام کاج کو فی الحال انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے ) کی ایڈہاک کمیٹی سنبھال رہی ہے ۔ ٹھاکر نے کہا کہ انتخابات ہونے تک اس کمیٹی میں دو کوچز کو شامل کیا جائے گا۔ٹھاکر نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ میں نے حکومت کی جانب سے کل پہلوانوں کو میٹنگ کے لیے مدعو کیا تھا۔ تقریباً چھ گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں ہم نے پہلوانوں کو یقین دلایا ہے کہ (برج بھوشن پر) الزامات کی جانچ کی جائے گی اور 15 جون تک چارج شیٹ داخل کر دی جائے گی، اور ڈبلیو ایف آئی کے انتخابات 30 جون تک کرائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریسلنگ فیڈریشن میں ایک شکایات کمیٹی بنائی جائے گی جس کی سربراہ ایک خاتون ہوگی۔ ریسلنگ فیڈریشن کے انتخابات ہونے تک آئی او اے کی ایڈہاک کمیٹی میں دو کوچز کو شامل کرنے کے لیے ان کا نام تجویز کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ٹھاکر نے منگل کی رات دیر گئے ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ پہلوانوں کو میٹنگ کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔انہوں نے ٹویٹ کیا تھاکہ حکومت پہلوانوں کے ساتھ ان کے مسائل پر بات کرنے کے لیے تیار ہے ۔ میں نے اس کے لیے ایک بار پھر پہلوانوں کو مدعو کیا ہے ۔ پہلوان ساکشی ملک، بجرنگ پونیا اور ستیہ ورت کادیان آج ٹھاکر سے ان کی رہائش گاہ پر ملنے گئے ۔ میٹنگ کے بعد اولمپک میڈلسٹ پونیا نے کہا کہ انہوں نے حکومت سے کچھ نکات پر بات کی ہے ۔ٹھاکر نے کہا کہ پہلوانوں نے ریسلنگ فیڈریشن کی نئی انتظامیہ سے برج بھوشن اور ان کے رشتہ داروں کو دور رکھنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ پہلوانوں نے خواتین ریسلرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ٹھاکر نے کہا کہ پہلوان 15 جون تک چارج شیٹ داخل کرنے کے لیے تیار ہیں، اس لیے وہ یا ان سے وابستہ لوگ اس معاملے میں کوئی احتجاج نہیں کریں گے ۔واضح رہے کہ بجرنگ، ساکشی اور ونیش پھوگاٹ برج بھوشن کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں، جن پر ایک نابالغ سمیت سات خواتین پہلوانوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام ہے ۔ دہلی پولیس نے برج بھوشن کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی ہیں، جن میں سے ایک پوکسو (جنسی جرائم سے نابالغوں کے تحفظ) سے متعلق ہے ۔دہلی پولیس نے گزشتہ ہفتہ برج بھوشن کی گونڈہ میں رہائش گاہ جا کر اس معاملے میں وہاں موجود ملازمین اور ساتھیوں سے پوچھ گچھ کی تھی۔مرکزی حکومت اور پہلوانوں کے درمیان یہ دوسری حالیہ ملاقات ہے ۔ پہلوانوں نے گزشتہ ہفتہ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی ملاقات کی تھی۔