جئے پور: یہاں ایڈمنسٹریٹو سکریٹریٹ کے پیچھے یوجنا بھون واقع ڈی او آئی ٹی دفتر میں 2 کروڑ 31 لاکھ روپے نقد اور ایک کلو سونے کی اینٹکی برآمد گی سے متعلق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی راجستھان ٹیم نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ڈی او آئی ٹی کے جوائنٹ ڈائریکٹر وید پرکاش یادو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مرکزی ایجنسی براآمد روپے اور سونے کی اینٹ سے متعلق حقیقت جاننے کی کوشش میں مصروف ہے۔ اس معاملے میں راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ معاملے کی ایمانداری اور غیر جانبداری سے جانچ ہونی چاہیے۔ ہم ای ڈی کی کارروائی سے قطعی نہیں ڈریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی نہ صرف وید پرکاش یادو کو گرفتار کیا ہے، بلکہ ان کے جئے پور میں مرلی پورہ اور اتر پردیش کے اعظم گڑھ واقع ٹھکانوں پر چھاپہ ماری بھی کی ہے۔ وید پرکاش یادو کو عدالت میں پیش کر کے ای ڈی نے چار دن کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ ای ڈی اب اس بات کا پتہ لگانے میں مصروف ہے کہ یہ روپیہ اور سونا وید پرکاش یادو کا ہے یا کسی سینئر افسر یا سیاسی لیڈر کا۔
ای ڈی کو اس بات کا اندیشہ ہے کہ وید پرکاش یادو کو مہرے کے طور پر استعمال کر اس کی الماری کا استعمال ہوا ہے۔ ای ڈی ٹیم یہ بھی جانچ کر رہی ہے کہ وید پرکاش کے پاس مزید کیا کیا ذمہ داریاں تھیں۔ ای ڈی سے پہلے اس معاملے کی جانچ راجستھان اے سی بی کر چکی ہے۔ ای ڈی نے اے سی بی سے بھی پوری جانکاری طلب کی ہے۔ الماری سے روپیہ اور سونا ملنے پر جئے پور پولیس نے معاملے کو اے سی بی کے حوالے کر دیا تھا۔ راجستھان اے سی بی نے اپنی جانچ کر 18 جولائی 2023 کو وید پرکاش کے خلاف عدالت میں چالان پیش کر دیا تھا۔ چالان میں اے سی بی نے نقدی اور سونا وید پرکاش یادو کا ہی مانا ہے۔ ان کے خلاف آمدنی سے زیادہ ملکیت کے الزام میں چالان پیش کیا گیا ہے۔ اس کے بعد وید پرکاش کی ضمانت ہو گئی۔ وہ باہر آ گئے، لیکن اب ای ڈی نے بدھ کے روز انھیں گرفتار کر لیا۔ حالانکہ اس کی جانکاری بدھ کے روز عام نہیں کی گئی، بلکہ عدالت میں پیش کر ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد ہی گرفتار کی خبر باہر آئی۔
اس پورے معاملے پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ کسی ریاست میں ای ڈی کارروائی ہو گئی تو سمجھیے کہ ریاست میں انتخابات آ گئے ہیں۔ مرکزی حکومت کتنا بھی ای ڈی، انکم ٹیکس، سی بی آئی کا استعمال کر لے، ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ گہلوت نے کہا کہ میں تو وزیر اعظم مودی سے بڑا فقیر ہوں۔ کچھ نہیں ملنے والا ہے۔ ایک پلاٹ تک نہیں خریدا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس خالی کروں گا تو کرایہ کے مکان میں جا کر رہوں گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ جو جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہے ہیں، وہ ٹھیک نہیں ہے۔ عوام سب سمجھ رہی ہے۔ ای ڈی کے افسر بھی سمجھتے ہیں۔ جن کا ضمیر مر گیا ہے ان کی بات نہیں کرتا، لیکن جن کا ضمیر زندہ ہے وہ خود اشارے میں کہتے ہیں کہ بے وجہ پریشان کرنے ٹیم آ رہی ہے، جو درست نہیں ہے۔