نئی دہلی: نیدرلینڈ کے مشہور ہاکی گول کیپنگ کوچ ڈینس وین ڈی پول ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے گول کیپروں کے لیے دو خصوصی کیمپ منعقد کرنے جا رہے ہیں۔ اتوار کو یہ معلومات دیتے ہوئے ہاکی انڈیا نے ایک ریلیز میں کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ڈینس کا پہلا کیمپ 13 جولائی کو شروع ہوکر19 جولائی کو ختم ہوگا۔ ہانگژو ایشین گیمز سے پہلے، ڈینس 7 سے 14 ستمبر تک ٹیم کے ساتھ ایک اور ٹریننگ سیشن کرنے کے لیے ہندوستان واپس آئیں گے۔
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم بنگلورو میں اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) سنٹر میں ایک ہفتہ تک جاری رہنے والے کیمپ کے دوران خصوصی سیشن میں حصہ لے گی، جس کی نگرانی ہندوستان کے ہیڈ کوچ کریگ فلٹن کریں گے۔ کیمپ میں گول کیپر پی آر سریجیش، کرشن پاٹھک، سورج کرکیرا، پرشانت کمار چوہان اور پون ملک شامل ہوں گے۔
یہ کیمپ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ ایشین گیمز سے قبل، ہندوستانی ٹیم ہسپانوی ہاکی فیڈریشن کی 100 ویں سالگرہ کی یاد میں 25 سے 30 جولائی کے درمیان انگلینڈ، نیدرلینڈز اور میزبان اسپین کے خلاف ایک چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ اس کے علاوہ ہندوستان کواگست میں ایشین چیمپئنز ٹرافی چنئی میں بھی شرکت کرنی ہے۔ ڈینس نے نیدرلینڈز میں ڈرجور گولی اکیڈمی اورکے این ایچ بی (کولنک لیکے نیدرلینڈ ہاکی بانڈ) کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور اب ڈچ نوجوانوں کی قومی ٹیموں کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔ وہ ماضی میں بھی ہندوستانی ٹیم کے لیے کیمپ لگا چکے ہیں۔
کیمپوں کا اعلان کرتے ہوئے، ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہا، "ہمیں ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے ٹریننگ کیمپ میں ڈینس وین ڈی پول کو واپس پاکر خوشی ہو رہی ہے۔ یہ سال کا بہت اہم دور ہے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بہترین مدد کرنا ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ کیمپ ہندوستانی ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ ہاکی انڈیا کے سیکرٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا، ’’ڈینس وین ڈی پوئل ایک شاندار کوچ ہیں۔ یہ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے لئے بہت اچھا ہے کہ وہ کیلنڈر میں ایک بہت ہی اہم مرحلے سے پہلے ٹیم کی مدد کرنے کے لئے واپس آگئے ہیں۔