سلطان پور :: معروف گلوکارہ و اداکارہ ملیکا راجپوت نے خودکشی کر لی۔اترپردیش کے سلطان پور میں ان کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس نے تمام زاویوں سے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ اداکارہ کے قریبی افراد کا رو رو کر برا حال ہے ۔ اداکارہ کے لاکھوں مداح حیران اور مایوس ہیں۔ ملیکا راجپوت ، کنگنا رناوت جیسی ٹاپ اداکارہ کے ساتھ کام کرچکی ہیں ۔
ملیکا راجپوت نے کنگنا رناوت کی فلم ‘ریوالور رانی’ میں معاون کردار ادا کیا تھا۔ وہ گلوکار شان کے میوزک ایلبم میں بھی نظر آئی تھیں، جس کی وجہ سے وہ کافی مقبول ہوگئی تھیں۔ انہوں نے ایلبم ’یار تجھ سے‘ میں اپنے کام سے لوگوں اور فلمی شخصیات کی توجہ حاصل کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے بعد میں کئی سیریز، شوز اور ایلبمز میں کام کیا۔ لوگ ان کی صلاحیتوں سے متاثر تھے۔