پٹنہ :بہار میں نتیش کمار کی قیادت والی حکومت نے اسمبلی کا اعتماد حاصل کر لیا ہے لیکن سیاست ابھی بھی گرم ہے، جے ڈی یو کےایک ایم ایل اے نے اپنی ہی پارٹی کے ایم ایل اے کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ جے ڈی یو ایم ایل اے سدھانشو شیکھر نے منگل کو پٹنہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ انہیں اعتماد کے ووٹ سے قبل آر جے ڈی کے عظیم اتحاد میں شامل ہونے کے لیے 10 کروڑ روپے کی رشوت اور کابینہ وزیر کے عہدے کی پیشکش کی گئی تھی۔
سدھانشو شیکھر مدھوبنی ضلع کی ہرلاکھی سیٹ سے جے ڈی یو کے ایم ایل اے ہیں۔میڈیاکی خبر کے مطابق پٹنہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر) کرشنا مراری پرساد نے کہا ہےکہ سدھانشو شیکھر نے پارٹی کے ایم ایل اے سنجیو کمار کے خلاف کوتوالی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ اے ایس پی پرساد نے کہا، ایم ایل اے شیکھر نے 11 فروری کو اپنی شکایت درج کرائی تھی۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔