ممبئی :راجستھان رائلز نے ممبئی انڈینز کو 6 وکٹوں سے شکست دی ۔ اس طرح ہاردک پانڈیا کی قیادت میں ممبئی انڈینس کو مسلسل تیسرے میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پہلے بیٹنگ کرنے آئی ممبئی انڈینز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 125 رنز بنائے۔ جس کے جواب میں راجستھان رائلز نے ہدف 15.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس طرح راجستھان رائلز نے لگاتار تیسرا میچ جیت لیا۔ ساتھ ہی اس جیت کے بعد راجستھان رائلز 6 پوائنٹس کے ساتھ آئی پی ایل میں2024 ٹاپ پر ہے۔
راجستھان رائلز کی جانب سے ریان پراگ نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ ریان پراگ 39 گیندوں میں 54 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ لوٹے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ اوپنر یاشاسوی جیسوال نے 10 رنز بنائے۔ جوش بٹلر 13 رنز بنانے کے بعد واک آؤٹ ہوئے۔ راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن 12 رنز بنانے کے بعد آکاش مدھوال کا شکار بن گئے۔ روی اشون نے 16 رنز کا تعاون کیا۔ وہیں، شبھم دوبے 8 رنز بنانے کے بعد ناقابل شکست لوٹے۔ممبئی انڈینز کے لیے آکاش مدھوال سب سے کامیاب بولر رہے۔ آکاش مدھوال نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ کوینا مفاکا کو 1 کامیابی ملی۔
اس سے قبل راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے آئی ممبئی انڈینز کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ ممبئی انڈینز کے بلے باز وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔ روہت شرما کے علاوہ نمن دھیر اور دیوالڈ بریوس اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ اس ٹیم کے 4 بلے باز 20 رنز ب پر ہی پویلین لوٹ گئے۔ لیکن اس کے بعد ہاردک پانڈیا اور تلک ورما نے اچھی شراکت داری کی۔ ہاردک پانڈیا 21 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جبکہ تلک ورما نے 29 گیندوں پر 32 رنز کی اہم اننگز کھیلی ۔