امپھال : کوکی پیپلز الائنس نے منی پور کے سی ایم بیرین سنگھ کی حکومت سے حمایت واپس لے لی ہے۔ کوکی پیپلز الائنس کے جنرل سکریٹری ڈبلو ایل ہینگ شنگ نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے منی پور کے گورنر کو سی ایم بیرین سنگھ کی حکومت سے حمایت واپس لینے کا خط ای میل کرنے کی تصدیق کی ہے۔
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے اتحادی کوکی پیپلز الائنس (کے پی اے) کے صدر ٹونگ منگ ہوکیپ نے گورنر انوسویا یوکی کو لکھے گئے خط میں منی پور میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت سے تعلقات توڑنے کے پارٹی کے فیصلے کے بارے میں مطلع کیا۔ کے پی اے کے 60 رکنی ایوان میں دو قانون ساز ہیں – سائکول سے کمنیو ہاوکپ ہینگکشنگ اور سنگھاٹ سے چنلون تھانگ ۔منی پور اسمبلی میں بی جے پی کے 32 ارکان ہیں، جب کہ اسے پانچ این پی ایف ایم ایل ایز اور تین آزاد ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ اپوزیشن ایم ایل اے میں این پی پی کے سات، کانگریس کے پانچ اور جے ڈی یو کے چھ ایم ایل اے شامل ہیں۔
امپھال میں واقع کئی شہری سماجی تنظیموں کے ایک اہم ادارے منی پور انٹیگریٹی پر متفقہ کمیٹی (سی او سی او ایم آئی) نے ریاستی حکومت کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی او سی او ایم آئی آفس مین ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر جتیندر ننگومبا نے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال کے پرامن حل کے لیے پانچ اگست سے پہلے ایک ایمرجنسی اسمبلی سیشن کی مانگ پر دھیان نہیں دینے کے لیے حکومت سے نالاں ہیں۔ ایسے میںسی او سی او ایم آئی اب ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی کسی بھی سرگرمی میں تعاون نہیں کرے گی۔