ادے پور؍ جے پور : حکومت راجستھان کے محکمہ جنگلات نے حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے شارپ شوٹر، نواب شفاعت علی خان کی خدمات حاصل کی ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آدم خور چیتے نے کم و بیش آٹھ افراد کو ہلاک کردیا۔ یاد رہے کہ نواب صاحب کو اس وقت طلب کیا گیا جب راجستھان کے چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس پون کمار اپادھیائے نے آدم خور چیتے کو ہلاک کرنے کا حکم جاری کیا اور اس مشن کے لئے محکمہ نے 12 افراد پر مشتمل شوٹرس کی ایک ٹیم تشکیل دی۔ اس موقع پر ادے پور (شمالی) کے نائب کنزرویٹر اجے چتورا نے بتایا کہ شوٹرس کا تعلق جنگلاتی پولیس اور جنگلاتی فوج سے ہے اور ان کے علاوہ نواب صاحب واحد ایسے ماہر ہیں جن کا تعلق کسی محکمہ سے نہیں ہے کیونکہ انہیں ملک میں ایک ماہر شکاری ہونے کا درجہ حاصل ہے اور ان کے تجربہ سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ گوگنڈہ تحصیل میں آدم خور چیتے نے دہشت پھیلا رکھی تھی اور اب تک آٹھ افراد اس کا نشانہ بن چکے تھے کیونکہ جب چیتا آدم خور ہو جاتا ہے تو اس کو ہلاک کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔ چہارشنبہ کو نواب شفاعت علی خان گوگنڈہ پہنچ چکے ہیں اور اس دوران انہوں نے وہاں کے مقامی افراد سے آدم خور چیتے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ یاد رہے کہ 66 سالہ نواب صاحب نے قبل ازیں مختلف ریاستوں کے لئے آدم خور جانوروں کی ہلاکت کے لئے جن میں شیر، چیتے، ہاتھی اور نیل گائے جیسے جانور شامل ہیں، اہم رول ادا کیا ہے۔