پریاگ راج: پریاگ راج ضلع انتظامیہ اور پولیس نے عقیدتمندوں کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ رویندر ماندڈ نے بتایا کہ بدھ کے روز پولیس کمشنر اور سینئر افسران کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارکنگ مقامات سے عقیدتمندوں کو ’سنگم‘ تک پہنچانے کے لیے اب شٹل بسوں کے ساتھ ساتھ ای رکشہ اور آٹو رکشہ بھی دستیاب کرائے جائیں گے۔ یہ گاڑیاں انھیں سنگم کے بالکل قریب تک لے کر جائیں گی۔ ای رکشہ اور آٹو رکشہ کی دستیابی سے یقیناً عقیدتمندوں کو آسانی ہوگی، کیونکہ انھیں جی ٹی جواہر تک پہنچنے میں دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پولیس انتظامیہ کے اس فیصلے سے لوگوں کو زیادہ پیدل بھی نہیں چلنا پڑے گا۔
اس درمیان ضلع مجسٹریٹ نے یہ بھی جانکاری دی کہ جمعرات سے شہر میں سبھی دفاتر اور ادارے کھل جائیں گے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹریفک نظام کو سہل بنائے رکھنے کے منصوبہ پر کام کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں باہر سے آ رہے عقیدتمندوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کچھ اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو عقیدتمندوں کی ممکنہ بھیڑ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے خصوصی ٹریفک منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ ’’ویکینڈ پر زیادہ بھیڑ ہونے کے امکان کو دیکھتے ہوئے ٹریفک ٹائمنگز جاری کی جائیں گی۔ کوشش ہوگی کہ اس سے شہر میں ٹریفک جام کی حالت نہ بنے اور لوگوں کو آمد و رفت میں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔