ہلدوانی :اتراکھنڈ کی ہلدوانی پولیس نے پیر کو بن بھول پورہ فساد معاملے میں مزید 3 ملزمین کو تشدد پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ان کی گرفتاری کے ساتھ ہی کل گرفتار شدگان کی تعداد 92 ہو گئی۔ نینی تال کے ایس ایس پی کے مطابق پولیس پورے واقعہ کی ویڈیو ریکارڈنگ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ جاری رکھے ہوئے ہے۔ پتھراؤ، تشدد اور آتش زنی میں ملوث فسادیوں کی شناخت کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس نے تشدد اور ہنگامہ آرائی میں ملوث مزید جن 3 ملزمین کو گرفتار کیا ہے ان میں ظہیر ولد محمد خالد ساکن لائن نمبر 06 آزاد نگر بن بھول پورہ، محمد شاکر عرف لالہ ولد یامین ساکن وارڈ نمبر 29 شمالی اُجالا نالہ پار بن بھول پورہ، دانش خان ولد فیاض خان ساکن لائن نمبر 18، وارڈ نمبر 29، بن بھول پورہ شامل ہیں۔ پولیس نے اب تک 92 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ مزید لوگوں کی نشاندہی کا کام ہنوز جاری ہے۔ پولیس نے ایک درجن سے زائد نامزد اور پانچ ہزار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ آنے والے وقت میں مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔