پٹنہ (ت ن س) پٹنہ سے رانچی کیلئے چلائی جانے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا سموار کو پٹنہ سےاسپیڈی ٹرائل رن ہوا۔ ٹرائل رن کے دوران یہ ایکسپریس ٹرین حادثہ کا شکار ہونے سے بال بال بچی۔ یہ ٹرین کوڈرماکے پاس ریل لائن پر جانوروں سے ٹکرانے سے بچ گئی۔ ریل لائن پرنیل گائے اور گائے کودیکھ کر لوکوپائلٹ نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرین کو حادثہ کا شکار ہونے سے بچالیا۔ پٹنہ جنکشن سے کھلی ٹرین 8.05بجے گیاپہنچی اور 12.33بجے رانچی اسٹیشن پر پہنچ گئی۔ اس کے بعد دوپہر2. 20بجے پٹنہ کیلئے روانہ ہوئی ، اس ٹرین کی زیادہ سے زیادہرفتار160کیلو میٹر فی گھنٹہ ہے لیکن یہ اپنی زیادہ سے زیادہ رفتار میں نہیں چلی، پٹنہ سے گیاتک 110کیلو میٹر ، بڑکاکاناسے ہزاری باغ تک90 کیلومیٹر اور ٹی ٹی سیلوے سے رانچی تک 80 کیلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے چلی۔ وندے بھارت ایکسپریس کے ٹرائل رن کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ پٹنہ جنکشن پہنچ گئے تھے۔ وندے بھارت ایکسپریس سروس شروع ہوجانے سے پٹنہ سے رانچی تک کا سفر 6گھنٹے 5منٹ میں پورا کیاجاسکے گا۔ یہ ٹرین چھ دن قبل ہی پٹنہ پہنچ گئی تھی، اسے چنئی سے لایاگیا ہے۔ راجندر نگر ٹریمنل کے یارڈ میں اسے رکھاگیاہے۔ اس مہینے کے آخری ہفتے میں وندے بھارت ایکسپریس سروس کا آغاز کیاجاسکتاہے۔