چنئی: تمل ناڈو کے بجلی کے وزیر وی سینتھل بالاجی کو ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں چھاپے کے بعد گرفتار کیا ہے۔ دریں اثنا، حراست میں سینتھل بالاجی کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں چنئی کے اومندورار سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گرفتاری کے بعد انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔
ای ڈی نے منگل کو بالاجی اور دیگر کے احاطے پر چھاپہ مارا تھا۔ ایروڈ ضلع اور بالاجی کے دفتر کے علاوہ ای ڈی نے ان کے آبائی ضلع کرور میں بھی چھاپہ مارا۔ 5 سالوں میں یہ دوسرا موقع ہے کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی سے منسلک اہلکاروں نے سیکرٹریٹ کے اندر تلاشی لی۔
بالاجی پر ای ڈی کی کارروائی کے بعد ریاست کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے مرکز کی مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرکے حکمران بی جے پی اپنے سیاسی حریفوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سی ایم نے کہا، ”بی جے پی ان لوگوں کے خلاف بیک ڈور سے ڈرانے کی اپنی سیاست میں کامیاب نہیں ہوگی جن کا سیاسی طور پر سامنا نہیں کر سکتی۔ وہ وقت قریب آ رہا ہے جب وہ خود اسے محسوس کریں گے۔ بالاجی نے تحقیقات میں مکمل تعاون کا وعدہ کیا لیکن سمجھ نہیں آیا کہ سیکرٹریٹ میں وزیر کے کمرے کی تلاشی لینے کی کیا ضرورت تھی۔‘‘
وہیں، تمل ناڈو کے وزیر تعلیم پونموڈی نے کہا، ’’یہ انتقام کی کارروائی ہے۔ ہم ہر چیز کا سامنا کریں گے۔ مرکزی حکومت غیر بی جے پی ریاستوں میں غلط کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال، کرناٹک، دہلی میں کیا اور اب وہ تمل ناڈو میں کر رہے ہیں۔ ہم اس کا سامنا کریں گے۔‘‘
دوسری طرف ڈی ایم کے نے بھی ای ڈی کی کارروائی کو لے کر بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ ڈی ایم کے کے سینئر لیڈر اور تنظیم سکریٹری آر ایس بھارتی نے کہا کہ پارٹی نے ماضی میں بھی ایسے کئی چھاپے دیکھے ہیں لیکن اس کے لیڈروں کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے پولیس اور ای ڈی کو مبینہ طور پر نوکری کے عوض نقد رقم گھوٹالے میں بالاجی کے خلاف تحقیقات کرنے کی اجازت دی تھی۔ ای ڈی نے پی ایم ایل اے کی دفعات کے تحت چھاپے مارے ہیں۔ بالاجی ریاست کے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو بھی سنبھالتے ہیں۔ گزشتہ ماہ انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے بالاجی کے قریبی ساتھیوں کے ٹھکانوں پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ بالاجی نے تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا۔ بالاجی پہلے اے آئی اے ڈی ایم کے میں تھے اور آنجہانی جے للیتا کی حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ رہ چکے ہیں۔