اترپردیش میں ایک بار پھرموسم کروٹ لیتا نظرآرہا ہے۔ ریاست میں نئے مغربی خلل کے فعال ہونے کی وجہ سے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ آسمانی بجلی، ژالہ باری اوربارش کے لیے ایلرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے اگلے دو دنوں میں بیشترعلاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ مغربی اتر پردیش میں بارش اور ژالہ باری کے لیے بھی ایلرٹ جاری کیا گیا ہے۔ موسم کی اس تبدیلی سے آج درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج مغربی اتر پردیش کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران ڈویژن کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور کچھ علاقوں میں ژالہ باری کی بھی وارننگ دی گئی ہے۔
مغربی اتر پردیش میں سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، بجنور، آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، اٹاوہ، اوریہ، جالون، جھانسی، حمیر پور، مہوبہ اور للت پور میں آج گرج چمک اور ژالہ باری کی وارننگ دی گئی ہے۔ اسی طرح مشرقی ڈویژن میں ہلکی بارش، تیز ہواؤں، آسمانی بجلی گرنے اور بعض مقامات پر بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست میں 27-28 جنوری کو موسم میں تبدیلی محسوس ہوگی۔


















