نئی دہلی :تمل فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اور آئی پی ایس افسر کی بیٹی رانیا راؤ نے ایک حیران کرنے والا انکشاف کیا ہے۔ رانیا نے کہا ہے کہ اس نے پہلی بار سونے کی اسمگلنگ کی تھی اور اسے چھپانے کا طریقہ یوٹیوب سے سیکھا تھا۔ اس نے یہ بات پوچھ تاچھ کر رہے افسروں کو بتائی۔ذرائع کے مطابق رانیا نے کہا کہ اس نے اسمگلنگ کا طریقہ یوٹیوب پر دیکھا اور اس کے بعد اسی تکنیک پر عمل کیا۔ رانیا کا کہنا تھا کہ وہ اسمگلنگ کے لیے استعمال کیے جانے والے راستوں اور چھپانے کے طریقوں کو جاننے کے لیے آن لائن ویڈیو ٹیوٹوریلس کا سہارا لے رہی تھی۔رانیا راؤ پر الزام ہے کہ اس نے کچھ غیر ملکی اسمگلروں کے ساتھ مل کر سونے کی اسمگلنگ کی اور اس کے لیے مختلف چھپانے کے طریقے اپنائے۔ حالانکہ رانیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس سرگرمی میں انجانے میں شامل ہوئیں تھی۔
واضح رہے کہ کرناٹک کے بنگلورو واقع کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کنڑ اداکارہ رانیا راؤ کے پاس سے 14.2 کلوگرام سونے کی چھڑیں ضبط کی گئی تھیں، جن کی تخمینی قیمت 12.56 کروڑ روپے ہے۔ ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس (ڈی آر آئی) نے یہ اطلاع دی تھی۔پولس کے ایک افسر کے مطابق اداکارہ رانیا راؤ انڈین پولیس سروس کے سینئر افسر رام چندر راؤ کی بیٹی ہیں۔اس نے بتایا کہ رام چندر راؤ حال میں کرناٹک اسٹیٹ پولیس ہاؤسنگ اینڈ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے چیئر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر ہیں۔
اس معاملے میں کُل 17.29 کروڑ روپے کی قیمت کی اشیاء ضبط کی گئی، جس میں 4.73 کروڑ روپے قیمت کی دیگر چیزیں بھی شامل ہیں۔ ڈی آر آئی افسروں کے مطابق 14.2 کلوگرام سونے کی یہ کھیپ حال کے دنوں میں بنگلورو ہوائی اڈے پر ہوئی سب سے بڑی ضبطیوں میں سے ایک ہے۔