نئی دہلی :سپریم کورٹ نے جمعہ کو شاعرہ مدھومیتا شکلا قتل کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے اتر پردیش کے سابق وزیر امرمنی ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ مدھومنی کی رہائی پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق عدالت نے ان کی رہائی کے خلاف درخواست پر یوپی حکومت کو نوٹس بھی جاری کیا۔ اتر پردیش کے جیل محکمہ نے جمعرات کو امرمنی ترپاٹھی کی قبل از وقت رہائی کا حکم جاری کیا تھا، جس میں معافی سے متعلق ریاست کی 2018 کی پالیسی کا حوالہ دیا گیا تھا، کیونکہ وہ 16 سال کی قید مکمل کر چکے ہیں۔جسٹس انیرودھا بوس اور بیلا ایم ترویدی کی بنچ نے شاعرہ کی بہن ندھی شکلا کی طرف سے دائر درخواست پر ریاستی حکومت، ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ کو نوٹس جاری کرآٹھ ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ محکمہ جیل نے ان کی عمر اور اچھے برتاؤ کا بھی حوالہ دیا کیونکہ امرمنی 66 اور مدھومنی 61 سال کی ہیں۔امرمنی اور ان کی اہلیہ فی الحال بی آر ڈی میڈیکل کالج گورکھپور میں داخل ہیں۔