بھوپال: ملک کی معروف شاعرہ انجم رہبر نے اتوار کے روز مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے ریاستی صدر کمل ناتھ کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔ شاعرہ انجم رہبر سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کی بھوپال میں واقع رہائش گاہ پر کانگریس میں شامل ہوئیں۔
خیال رہے کہ انجم رہبر مایہ ناز شاعر مرحوم راحت اندوری کی شریک حیات ہیں۔ وہ خود بھی کافی مشہور شاعرہ ہیں اور ملک بھر میں منعقدہ تقاریب میں شرکت کرتی رہتی ہیں۔ انجم مدھیہ پردیش کے گنا سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے اردو سے ماسٹرز کیا ہے۔
دریں اثنا، انہوں نے ملک کے موجودہ حالت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اب تک شاعری کرتی رہی ہیں، اب وہ سماجی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور اسی لیے انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔
ریاست میں آنے والے وقت میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کانگریس امیدوار کے طور پر میدان میں اتریں گی تو انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن نہیں لڑیں گی لیکن اگر پارٹی انہیں امیدوار بناتی ہے تو وہ منع بھی نہیں کریں گی۔