گیا : لوک سبھا انتخابات کا اعلان ہوتے ہی بہار میں سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار اتارنے شروع کر دئے ہیں۔ اسی سلسلے میں اسد الدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین یعنی اے آئی ایم آئی ایم نے گیا پارلیمانی حلقے کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے پہلے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ مسلمانوں کی پارٹی کہلانے والی اویسی کی پارٹی نے یہاں سے ایک ہندو کو اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔
بتا دیں کہ اے آئی ایم آئی آئی ایم پارٹی نے گیا سے رنجن پاسوان کو اپنا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی قائدین کی جانب سے امیدوار کے اعلان کے بعد رنجن پاسوان کا پھولوں سے استقبال کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی رنجن پاسوان کے حامیوں نے ہار پہنا کر ان کا شاندار استقبال کیا اور جیت کے نعرے بھی لگائے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے مگدھ انچارج مطلوب خان نے امیدوار کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک پریس کانفرنس کی اور امیدوار کو میدان میں اتارنے کا اعلان کیا۔