نئی دہلی :وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گلوبل میری ٹائم انڈیا سمٹ کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ سمٹ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ تاریخی بھارت-مشرقِ وسطیٰ-یوروپ اقتصادی راہداری علاقائی اور عالمی تجارت میں انقلاب لائے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری کا فیصلہ جی20- سربراہوں کی کانفرنس کے دوران بھارت کے اقدامات کی وجہ سے لیاگیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس سے لاجسٹک اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملے گی، ماحولیاتی تحفظ میں تعاون فراہم ہوگا اور روزگار کے بہت زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پروجیکٹ کے تحت اگلے سلسلے کی بڑی بندرگاہوں کی تعمیر، کنٹینر کی آمدورفت کی بین الاقوامی بندرگاہوں نیز اندرونِ ملک آبی گزرگاہوں کی ترقی اور کثیر ماڈل مراکز کی توسیع کے علاوہ دیگر سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔
تیسری گلوبل میری ٹائم انڈیا سمٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے 18 ہزار 800 کروڑ روپے کی مالیت کے متعدد پروجیکٹوں کا افتتاح کیا، سنگ بنیاد رکھا اور اُنہیں ملک کے نام وقف کیا۔ اُنہوں نے IMEC کے فروغ کیلئے DPA میں 4 ہزار 539 کروڑ روپے کی مالیت کے ہر موسم میں کام کرنے والےتُناٹیکرا ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے 7 اعشاریہ 16 لاکھ کروڑ روپے کی مالیت کی عالمی اور قومی شراکت داری کیلئے مفاہمت نامے کو بھی وقف کیا۔ تین روزہ یہ سمٹ ممبئی کےایم ایم آر ڈی اے گراؤنڈس میں 19 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کی وزارت کے ذریعے منعقد کی جارہی یہ سمٹ اب تک کی سب سے بڑی بحری تقریب ہے۔