نئی دہلی : ٹی وی صحافی سومیا وشوناتھن قتل کیس میں چاروں قصورواروں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ساکیت کورٹ نے مجرموں پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ اس کیس میں قصوروار روی کپور، امت شکلا، بلجیت ملک اور اجے کمار کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ چاروں پر مکوکا کیس لگایا گیا تھا۔30 ستمبر 2008 کو جب سومیا اپنی کار سے رات 3:30 بجے گھر واپس لوٹ رہی تھی، تب گولی مار کر اس کا قتل کردیا گیا تھا۔ اس وقت دہلی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس قتل کی وجہ لوٹ پاٹ تھی۔
سومیا کے قتل کیس میں روی کپور، امت شکلا، بلجیت ملک اور اجے کمار کو گرفتار کیا گیا تھا اور یہ سبھی ملزمان مارچ 2009 سے عدالتی حراست میں ہیں۔ دہلی پولیس نے ان سبھی ملزمان پر مکوکا بھی لگایا تھا۔پولیس نے بتایا تھا کہ سومیا وشوناتھن قتل کیس کا معمہ آئی ٹی پروفیشنل جگیشا گھوش کے قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی برآمدگی سے حل ہوا۔ ملک نے 2019 میں ہائی کورٹ سے جلد ٹرائل کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد ہائی کورٹ نے نچلی عدالت سے رپورٹ طلب کی تھی کہ چارج شیٹ داخل کئے جانے کے ساڑھے 9 سال بعد بھی ٹرائل مکمل کیوں نہیں ہوا۔ٹرائل کورٹ نے ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ تاخیر کی بنیادی وجہ استغاثہ کے گواہوں کی عدم موجودگی اور اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی تقرری میں لگنے والا وقت تھا۔