نئی دہلی: چندریان-3 کا وکرم لینڈر آج تقریباً 6 بجے شام کامیابی کے ساتھ چاند کے جنوبی قطب پر اتر گیا،اسرو کی کی اہم ترین کامیابی ہے ۔ سب کی نظر یںچندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ پر ٹکی ہوئی تھیں۔ پورے ہندوستان میں اس کی لینڈنگ کو لے کر لوگوں میں جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا تھا۔ عام سے لے کر خاص تک سبھی چندریان 3 کی لینڈنگ کا انتظار کر رہے تھے۔
تاریخ رقم کرتے ہوئے چندریان-3 چاند کے جنوبی قطبی علاقے پر کامیابی کے ساتھ اترا ہے۔ اسرو نے کہا کہ چندریان 3 کے وکرم لینڈر نے کامیابی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ کی ہے۔ اسرو کی اس تاریخی کامیابی کے بعد وزیر اعظم مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ بے مثال ہے۔اس سے پہلے بنگلورو میں واقع اسرو کے مشن کنٹرول کمپلیکس سے پاور ڈیسنٹ کمانڈ دیدی گئی تھی۔ اب چار مراحل میں چندریان اپنی رفتار کو کم کرنا شروع کر دے گا اور پھر چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ کی کوشش کرے گا۔اس تاریخی لمحے کا مشاہدہ کرنے کے لیے اسرو کے سابق سربراہ کے شیون بھی بنگلورو میں واقع مشن کنٹرول کمپلیکس میں موجود تھے۔
ہندوستان کی اس کامیابی پر کانگریس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ "چاند کی سطح پر چندریان-3 کے کامیابی کے ساتھ اترنے پر اِسرو سمیت سبھی ملکی باشندوں کو مبارکباد۔ مستقبل میں خلائی تحقیق کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ہی پنڈت نہرو نے اِسرو کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ ان کی دور اندیشی کا ہی نتیجہ ہے کہ ہندوستان آج پوری دنیا میں خلائی تحقیق کے شعبہ میں نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔