جوہانسبرگ : وزیر اعظم نریندر مودی نے جنوبی افریقہ کے جوہانسبرگ میں منعقدہ برکس چوٹی کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے برکس کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاکر اس کو بہتر بنا یا ہے۔
15ویں برکس چوٹی کانفرنس کے ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ برکس کو مستقبل کے لئے تیار تنظیم بنانے کے لیے ہمیں اپنے متعلقہ معاشروں کو بھی مستقبل کے لئے تیار کرنا ہوگا اور ٹیکنالوجی اس میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تقریباً دو دہائیوں میں برکس نے ایک طویل اور شاندار سفر طے کیا ہے۔ اس سفر میں ہم نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں۔
وہیں جوہانسبرگ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میرے اور میرے وفد کے لئے جوہانسبرگ جیسے خوبصورت شہر میں ایک بار پھر آنا خوشی کی بات ہے۔ اس شہر کا ہندوستانیوں اور ہندوستانی تاریخ سے گہرا اور پرانا رشتہ رہا ہے۔ یہاں سے کچھ فاصلے پر ٹالسٹائے فارم واقع ہے جسے 110 سال قبل مہاتما گاندھی نے تعمیر کروایا تھا۔ مہاتما گاندھی نے ہندوستان، یوریشیا اور افریقہ کے عظیم نظریات کو ملا کر ہمارے اتحاد اور ہم آہنگی کی مضبوط بنیاد رکھی۔
وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ ہم جنوبی افریقہ کی صدارت میں برکس میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو خصوصی اہمیت دینے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔جی 20 کی صدارت میں ہندوستان نے بھی اس موضوع کو اہمیت دی ہے۔ انہوں نے کہا، "ہندوستان برکس کی توسیع کی مکمل حمایت کرتا ہے، ہم اس پر اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔