نئی دہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے عام انتخابات کے پیشِ نظر ہریانہ کے لیے 4 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے نے کمیٹی کے ارکان کے ناموں کو منظوری دے دی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا کام شروع کریں۔یو این آئی کی خبر کے مطابق پارٹی نے سینئر لیڈر ادے بھان کی قیادت میں 24 رکنی انتخابی کمیٹی تشکیل دی ہے، جب کہ ریاستی انچارج دیپک باوریا کو 51 رکنی سیاسی امور کی کمیٹی اور گیتا بھوکل کو 27 رکنی منشور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کمیٹی کے سینئر لیڈر بھارت بھوشن بترا کو منشور کمیٹی کا کنوینر بنایا گیا ہے۔ مہندر پرتاپ کو تادیبی کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ پھول چند ملانا اور ایم ایل اے جگبیر ملک کمیٹی کے ممبر ہیں۔
ادے بھان کی قیادت والی انتخابی کمیٹی میں سابق وزیر اعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہڈا، کماری شیلجا، رندیپ سنگھ سرجے والا، کرن چودھری، دیپندر سنگھ ہڈا، کیپٹن اجے یادو، مہندر پرتاپ، کلدیپ شرما سمیت 24 لیڈر شامل ہیں۔ ریاستی انچارج دیپک باوریا کی سربراہی میں 51 رکنی سیاسی امور کی کمیٹی میں ادے بھان، بھوپیندر سنگھ ہڈا، شیلجا، کرن چودھری، رندیپ سرجیوالا، دیپندر ہڈا، آر ایس کڈیان، کیپٹن اجے یادو سمیت 51 سینئر لیڈروں کو جگہ دی گئی ہے۔
سابق وزیر گیتا بھوکل کی قیادت میں منشور کمیٹی میں سینئر لیڈر بھارت بھوشن بترا کو کنوینر بنایا گیا ہے اور ممن خان، پردیپ چودھری، ورون ملانا، سمپت سنگھ سمیت 27 لیڈروں کو ممبر بنایا گیا ہے۔ تادیبی کمیٹی کے چیئرمین کی ذمہ داری مہندر پرتاپ کو دی گئی ہے جبکہ پھول چند ملانا، ایم ایل اے جگبیر ملک اور چکرورتی شرما کو کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔