امریکی ریاست پنسلوانیا میں سیلاب کی وجہ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور دو دیگر لاپتہ ہیں۔حکام نے یہ اطلاع دی۔ اپر میک فیلڈ ٹاؤن شپ پولیس ڈیپارٹمنٹ نے فیس بک پر کہا کہ ” اچانک سیلاب سے بہت سے موٹرڈرائیوروں کو حیران کر دیا اور بہت سے لوگ پھنس گئے۔”
اپر میک فیلڈ بکس کاؤنٹی کی ایک بستی ہے جس میں تقریباً 8,800 رہائشی ہیں، جو پنسلوانیا کے سب سے بڑے شہر فلاڈیلفیا سے تقریباً 56 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
مقامی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ یہ علاقہ موسلادھار بارش کی زد میں آیا، جس کی وجہ سے ٹاون شپ کے کئی علاقوں میں سیلاب آ گیا۔ محکمہ نے کہا، "لوگوں کو بچانے کے لیے ریسکیو اور ریلیف ٹیمیں صبح سے انتھک کام کر رہی ہیں اور یہ کوشش دوپہر اور شام تک جاری رہے گی۔”
محکمہ نے اتوار کی صبح اعلان کیا کہ سیلاب میں بہہ جانے والے تین افراد مردہ پائے گئے ہیں۔ بعد ازاں چوتھی اور پانچویں ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق سیلاب میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد میں دو لاپتہ بچوں کی ماں بھی شامل تھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والا یہ خاندان علاقے میں رشتہ داروں سے ملنے گیا ہوا تھا۔ وہ باربی کیو کے لیے جا رہے تھے۔ اسی دوران ان کی گاڑی اچانک سیلاب میں پھنس گئی۔ خاتون کا شوہر اور چار سالہ بیٹا وہاں سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ فیملی کی دادی بھی بچ گئیں اور مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔