تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے پیر کوالیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) پر سازش کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ایس آئی آر ایک بدنیتی پر مبنی کوشش ہے جس کا مقصد اپوزیشن کے ووٹوں کو ختم کرنا ہے۔ اسٹالن نے کہا، "اس غیر جمہوری اقدام کو روکنے کے لیے، ہم نے ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی اور ایس آئی آرکے خلاف مذمتی قرارداد پاس کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات سے چند ماہ قبل ووٹر لسٹ کی مکمل نظرثانی جائز ووٹروں کو ہٹانے کی سوچی سمجھی حکمت عملی ہے۔”
وزیر اعلیٰ اسٹالن نے الزام لگایا کہ بہار میں بھی ایسا ہی طریقہ اختیار کیا گیا، جہاں لاکھوں حقیقی ووٹرز کو فہرست سے نکال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس متنازعہ عمل کی مخالفت سب سے پہلے تمل ناڈو میں شروع ہوئی جس کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور بہار میں اپوزیشن لیڈروں نے بھی اس کے خلاف احتجاج کیا۔ اسٹالن نے کہا، ’’قانونی مقدمہ دائر ہونے کے بعد بھی الیکشن کمیشن نے تسلی بخش جواب نہیں دیا۔‘‘ اسٹالن نے اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل سکریٹری ایڈاپڈی کے پالانیسوامی پر بھی سخت حملہ کیا، اور کہا کہ وہ دوہرا کھیل کھیل رہے ہیں اور بی جے پی سے اپنے تعلقات کی وجہ سے الیکشن کمیشن سے ڈرتے ہیں۔


















