اتر پردیش بی جے پی کو آج اُس وقت شدید جھٹکا لگا جب رکن اسمبلی شیام بہاری لال کی دورۂ قلب سے موت ہو گئی۔ وہ اتر پردیش کی فریدپور اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی تھے۔ کل ہی انھوں نے اپنا یومِ پیدائش منایا تھا۔ آج وہ سرکٹ ہاؤس میں میٹنگ لے رہے تھے، جب اچانک دل کا دورہ پڑا اور علاج کے دوران ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ ان کی موت نے بریلی ضلع میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔
ڈاکٹر شیام بہاری لال نے فریدپور علاقہ میں ایک الگ شناخت قائم کی تھی۔ عام لوگوں سے براہ راست جڑنے اور ان کے مسائل سننے کے لیے وہ مشہور تھے۔ ان کے انتقال سے لوگ حیران ہیں۔ کسی کو یقین نہیں ہو رہا ہے کہ کل تک مسکراتے نظر آنے والے شیام بہاری لال اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ جمعہ کی دوپہر سرکٹ ہاؤس میں وزیر برائے مویشی پروری دھرم پال سنگھ کی ایک میٹنگ چل رہی تھی۔ اس میں کئی عوامی نمائندے اور افسران موجود تھے۔ اسی دوران ڈاکٹر شیام بہاری لال کو اچانک سینے میں شدید درد اٹھا۔ پہلے تو انھوں نے اسے اہمیت نہیں دی، لیکن دیکھتے ہی دیکھتے ان کی حالت بگڑنے لگی۔ آس پاس موجود لوگوں نے فوراً ڈاکٹروں کو بلایا اور ایمبولنس کا انتظام کیا۔ انھیں فوراً میڈیسٹی اسپتال پہنچایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے علاج شروع بھی کر دیا، لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈاکٹروں نے سی پی آر سمیت سبھی ضروری کوششیں کیں، لیکن ان کی حالت میں بہتری نہیں ہو سکی۔ کچھ ہی دیر بعد ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔


















