اسلام آباد: شمالی مغربی پاکستان میں ایک فوجی اڈہ پر حملہ کیا گیا ہےجس میں 8 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ فوج کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مادوں سے بھری ایک گاڑی کو دیوار سے ٹکرا دیا۔تازہ ترین خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان کے بنّو شہر میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے قبائلی علاقہ واقع سرحد پر بنّو میں آرمی بیس کو نشانہ بنانے والے سبھی 10 حملہ آوروں کو مار گرایا ہے۔ یہ علاقہ افغانستان کی سرحد کے بہت قریب ہے۔
اس واقعہ کے تعلق سے پاکستانی فوج نے بتایا کہ حملہ کے فوراً بعد کارروائی کی گئی۔ سرگرمی دکھانے کی وجہ سے ایک بڑی تباہی کو ہونے سے روکا گیا اور کئی بے قصور افراد کی جانیں بھی بچ گئیں۔ یہ حملہ پیر کے روز ہوا تھا جس میں 8 سیکورٹی اہلکاروں کی موت ہو گئی تھی۔ مہلوکین میں 7 فوجی جوان اور ایک نیم فوجی دستہ کا جوان شامل ہے۔ اس حملہ کے بعد فوجی متحرک ہوئے اور پھر تصادم شروع ہو گیا۔ اب آج خبر آ رہی ہے کہ 10 حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں۔اس حملہ کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ جب حملہ آوروں نے دھماکہ کیا تو پورے علاقے میں دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا۔ یہ دھماکہ اتنا خطرناک تھا کہ دھماکے سے شہر کی کئی عمارتوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔ کچھ عمارتیں تک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ گئیں۔ لوگوں میں ایک خوف کا عالم پیدا ہو گیا جو اب بھی دہشت میں ہیں۔