نئی دہلی : پریاگ راج کے امیش پال قتل کیس سے فرار چل رہے عتیق احمد کے بھائی اشرف کے سالے صدام کو یوپی ایس ٹی ایف کی بریلی یونٹ نے دہلی کے مالویہ نگر سے گرفتار کرلیا۔ صدام پر ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ صدام کی گرفتاری کے بعد مافیا عتیق کی بیوی شائستہ پروین کے بارے میں بھی معلومات مل سکتی ہیں ۔
یوپی ایس ٹی ایف کے ڈی ایس پی عبدالقادر کی قیادت میں ٹیم کئی مہینوں سے دہلی میں ڈیرے ڈالے ہوئے تھی، جس کے بعد صدام کو گرفتار کر لیا گیا۔ جیل میں اشرف سے غیر قانونی طور پر ملاقات کرانے اور سہولیات پہنچانے کے معاملہ میں صدام کے خلاف بریلی ضلع کے بیتھری چین پور تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فی الحال ایس ٹی ایف اسے بریلی کے بیتھری چین پور تھانے لے کر پہنچی ہے۔ ایس ٹی ایف اور پولیس کی مشترکہ ٹیم فی الحال صدام سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور اسے عدالت میں پیش کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ صدام سے اشرف اور عتیق احمد کے کئی راز کھل سکتے ہیں۔ غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد بھی صدام کے نہ ملنے کے بعد پریاگ راج میں اس کی جائیداد ضبط کرنے کی تیاریاں کی جارہی تھیں۔ لکھنؤ اور پریاگ راج کی ٹیمیں بھی اس کی تلاش میں مصروف تھیں۔ بالآخر یوپی ایس ٹی ایف نے اسے پکڑ لیا ہے۔