نئی دہلی :لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ دانش علی اور بی جے پی لیڈر رمیش بدھوری کے درمیان پیش آئے تنازعہ پر موصو ل ارکان پارلیمنٹ کی شکایات کو استحقاق کمیٹی کو بھیج دیا ہے۔ لوک سبھا کے حکام نے یہ اطلاع جمعرات (28 ستمبر) کو دی۔21 ستمبر کو چندریان 3 کی کامیابی کے معاملے پر لوک سبھا میں بحث کے دوران رمیش بدھوری نے دانش علی کے خلاف قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا تھا۔جس کے بعد انہیں ہر طرف سے تنقید کا سامنا رہا۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی ،ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی اپروپا پودار، ڈی ایم کے ایم پی کنیموزی اور کئی دیگر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے دانش علی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
بیدھوری کے متنازعہ ریمارکس کو لے کر کئی ارکان نے لوک سبھا اسپیکر او م برلا کو خط بھی لکھا اور بی جے پی ایم پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان ارکان پارلیمنٹ نے معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا۔وہیں بی جے پی نے بیدھوری کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا۔ علاوہ ازیں بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ نشی کانت دوبے اور روی کشن نے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھا اور دعویٰ کیا کہ دانش علی نے پہلے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کیے تھے۔ انہوں نے اس معاملے کو استحقاق کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ بھی کیاتھا۔