ممبئی : مہاراشٹر میں سیاسی کشمکش جاری ہے۔ اجیت پوار نے اتوار کو راج بھون پہنچ کر ایک بڑی سیاسی ہلچل مچا دی اور نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا اور شندے حکومت میں شامل ہو گئے۔ ان کے ساتھ 8 اور ایم ایل اے نے بھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔ اب شرد پوار اور اجیت پوار کے درمیان این سی پی پر قبضہ کرنے کی جنگ شروع ہو گئی ہے۔
این سی پی نے اجیت پوار سمیت 9 ایم ایل ایز کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کی ہے۔ یہ عرضی اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کو بھیجی گئی ہے۔ مہاراشٹرا این سی پی کے صدر جینت پاٹل نے ان تمام نو ایم ایل ایز کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے، جن میں اجیت پوار بھی شامل ہیں، جنہوں نے دل بدل مخالف قانون کے تحت وزیر کے طور پر حلف لیا، انہوں نے اس کے لیے اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر کو خط لکھا ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو ای میل بھی بھیج دی گیا ہے۔ جینت پاٹل نے کہا کہ ہم ان 9 ایم ایل اے کے رویہ کو برداشت نہیں کریں گے۔ تاہم، ہمیں یقین ہے کہ یہ تمام ایم ایل اے این سی پی میں واپس آئیں گے۔ اگر وہ آئیں گے تو ہم انہیں قبول کریں گے۔
اس سے پہلے این سی پی سربراہ شرد پوار نے اجیت پوار اور 9 این سی پی لیڈروں کے مہاراشٹر میں شندے-بی جے پی حکومت میں شامل ہونے پر کہا تھا کہ یہ ‘گوگلی’ نہیں ہے، ڈاکہ ہے۔ یہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔ میں یہ کبھی نہیں کہوں گا کہ میرا گھر بٹا ہوا ہے، یہ میرے گھر کا نہیں، عوام کا مسئلہ ہے۔ مجھے ان لوگوں کے مستقبل کی فکر ہے جو چلے گئے ہیں۔ جب این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے پوچھا گیا کہ پارٹی کا معتبر چہرہ کون ہوگا تو انہوں نے ہاتھ اٹھا کر کہا ’’شرد پوار‘‘۔