نئی دہلی: ہندوستان اس وقت جی 20 ممالک کی صدارت کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ستمبر میں ہندوستان کی میزبانی میں جی 20 سربراہی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں کئی ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔ دریں اثنا، یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر بائیڈن 7 سے 10 ستمبر تک ہندوستان کا دورہ کریں گے۔
ان موضوعات پر بات کی جائے گی
وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرن جین پیئر نے بھی جو بائیڈن کے دورہ ہندوستان کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران وہ دیگر رہنماؤں کے ساتھ یوکرین کے تنازع سمیت متعدد عالمی چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے ساتھ بائیڈن جی 20 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی بھی تعریف کریں گے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن اور جی 20 کے شراکت دار عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے متعدد مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کریں گے، جن میں صاف توانائی کی منتقلی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا، اور یوکرین کے تنازع کے معاشی اور سماجی اثرات کو کم کرنا شامل ہے۔
واضح ہوکہ جی 20 ممالک کے گروپ میں ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، چین، فرانس، جرمنی، ہندوستان، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جمہوریہ کوریا، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، برطانیہ اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور یورپی یونین شامل ہیں۔ ان ممالک کا عالمی جی ڈی پی کا تقریباً 85 فیصد اور عالمی تجارت کا 75 فیصد سے زیادہ حصہ ہے۔ نیز، ان ممالک میں دنیا کی آبادی کا تقریباً دو تہائی حصہ ہے۔واضح ہو کہ 9 اور 10 ستمبر کو نئی دہلی میں G20 عالمی رہنماؤں کی سربراہی کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔ توقع ہے کہ یہ سربراہی اجلاس ہندوستان میں عالمی رہنماؤں کے سب سے بڑے اجتماع میں سے ایک ہوگا۔ ہندوستان نے یکم دسمبر 2022 کو انڈونیشیا سے G20 کی صدارت سنبھالی۔