واشنگٹن :امریکہ نے ایک بار پھر یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے کیے ہیں۔ تازہ ترین امریکی حملے میں حوثی گروپ کے تین اینٹی شپ میزائل بحیرہ احمر میں تباہ ہو گئے ہیں۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان امریکی فوج نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر تین کامیاب حملے کیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ حملہ جمعہ کی شام تقریباً 6:45 بجے کیا گیا، جب اینٹی شپ میزائلوں سے اس علاقے میں تجارتی جہازوں اور امریکی بحریہ کے جہازوں کو خطرہ تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نےایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکی بحریہ کے جہاز بحری جہازوں کے تحفظ اور بحری جہازوں پر حملوں کو روکنے کے لیے جاری کوششوں کے تحت بحیرہ احمر میں موجود ہیں۔ 19 جنوری کو، تقریباً شام 6:45 بجے (صنعا کے وقت)، امریکی سینٹرل کمانڈ کی فورسز نے تین حوثی اینٹی شپ میزائلوں کو نشانہ بنایا جو لانچ کرنے کے لیے تیار تھے۔