ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ یہ دھمکی ممبئی پولیس کی ہیلپ لائن پر موصول ہوئی، جہاں ایک شخص نے خود کو لارنس بشنوئی کا بھائی بتایا۔ دھمکی دینے والے نے کہا کہ اگر سلمان خان اپنی جان بچانا چاہتے ہیں تو انہیں ان کے مذہبی مقام پر جاکر معافی مانگنی پڑے گی یا 5 کروڑ روپے دینے پڑیں گے۔
اس نے مزید کہا، ’’اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو ہم انہیں مار ڈالیں گے، ہمارا گینگ آج بھی سرگرم ہے۔‘‘ پولیس کو یہ پیغام کل پیر کی شب کو موصول ہوا، جب ٹریفک کنٹرول روم میں کام کرنے والے ایک افسر نے اسے پڑھا۔ فی الحال، پولیس دھمکی دینے والے کی تلاش میں ہے۔
یہ دھمکی کچھ دن قبل دی گئی اسی نوعیت کی دھمکی کے بعد سامنے آئی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں نوئیڈا کے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا، جو کہ سلمان خان سے 2 کروڑ روپے مانگ رہا تھا۔ ورلی پولیس نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف کیس درج کیا، جس نے سلمان خان کو ٹریفک ہیلپ لائن نمبر پر کئی واٹس ایپ پیغامات بھیج کر یہ مطالبہ کیا۔