28 نئی دہلی :مارچ کو پورے ملک کی مختلف مساجد میں جب مسلم طبقہ نمازِ جمعہ کے لیے پہنچا تو بیشتر نے اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھی ہوئی تھی۔ یہ سیاہ پٹی دراصل وقف ترمیمی بل کے خلاف خاموش احتجاجی مظاہرہ تھا۔ مسلمانوں نے یہ خاموش احتجاجی مظاہرہ اتر پردیش میں بھی کیا، لیکن اس کے لیے مظفر نگر کے کچھ لوگوں کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مظفر نگر ضلع میں سیاہ پٹی پہن کر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے 24 افراد کے خلاف نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اس نوٹس سے متعلق افسران کا کہنا ہے کہ جنھیں نوٹس بھیجا گیا ہے، وہ سبھی وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ ان پر کارروائی کرتے ہوئے 2-2 لاکھ روپے کا بانڈ بھرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سٹی ایس پی ستیہ نارائن پرجاپت نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ اس معاملے میں 24 لوگوں کے خلاف نوٹس بھیجی گئی ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر مزید افراد کی شناخت کی ہے، جو احتجاج کے لیے موقع پر موجود تھے۔
پولیس کو سونپی گئی رپورٹ کے بعد سٹی مجسٹریٹ وکاس کشیپ نے نوٹس جاری کیا ہے، جس میں سبھی سے 16 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کے بعد 2-2 لاکھ روپے کا بانڈ بھرنے کہا گیا ہے۔ جن لوگوں کے خلاف نوٹس جاری کیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے جمہوری طریقے سے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور بازو پر سیاہ پٹی باندھی تھی۔ پولیس کے ذریعہ کی گئی کارروائی سے سبھی حیران ہیں، اور فکر مند ہیں کہ کیا اب خاموش احتجاجی مظاہرہ کرنا بھی قانون کے خلاف ہو گیا۔