پٹنہ: بہار کے نائب وزیر اعلی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے جمعہ کو منی پور واقعہ پر بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام لوگ خوفزدہ اور گھبرائے ہوئے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو نتیجہ بہار میں ہوا وہی پورے ملک میں ہوگا۔ پٹنہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر جمعرات کو لوک سبھا میں وزیر اعظم کی تقریر نے لوگوں کو بہت مایوس کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو امید تھی کہ وزیراعظم صحیح بات کریں گے لیکن وہ اپوزیشن کو ہی نشانہ بناتے رہے۔ انہیں قومی مفاد میں اور منی پور کے بارے میں جو بیان دینا چاہئے تھا وہ دے سکے۔بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ ملک میں جس طرح سے اتحاد ہو رہا ہے، حزب اختلاف متحد ہوا ہے، یہ لوگ خوفزدہ اور گھبرائے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں کی باڈی لینگویج بھی بدل گئی ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ جو بہار میں ہوا ہے وہ پورے ملک میں ہوگا۔ وزیر اعظم کے 2028 والے بیان پر تیجسوی یادو نے کہا کہ ان لوگوں کو وہم میں رہنے دیں۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے لوک سبھا میں عدم اعتماد کی تحریک کے جواب میں حزب اختلاف پر خوب نشانہ لگایا لیکن منی پر مختصر سی بات کی۔ دریں اثنا، انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی لائی گئی عدم اعتماد کی تحریک ان کے لیے ہمیشہ سود مند ثابت ہوتی ہے اور جب آپ 2028 میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں گے تو ملک کافی ترقی کر چکا ہوگا۔