پٹنہ: آرجے ڈی لیڈرتیجسوی یادو نے آج زوردے کرکہا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان کئے جانے کے بعد بہار میں کوئی بڑا واقعہ پیش آئے گا جہاں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے اپنی حلیف بی جے پی کے ساتھ تعلقات بہتر معلوم نہیں ہوتے۔ تیجسوی یادو جو جاریہ سال جنوری میں نتیش کمار کی این ڈی اے میں اچانک واپسی کے نتیجہ میں ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ سے محروم ہوگئے‘ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا۔یادو نے چند دن پہلے کئے گئے دعوے کا حوالہ دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ ”جب سے میں نے یہ پیش گوئی کی ہے کہ چاچا لوک سبھا انتخابات کے بعد کوئی بڑا فیصلہ لیں گے‘ انہوں نے انتخابی مہم کے لئے جانا بند کردیا ہے“۔مجھے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گورنر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کررہے ہیں اور ہدایات جاری کررہے ہیں۔ انتخابی محاذ پر بی جے پی اور جنتادل یو اپنے اپنے حلقوں پر توجہ دے رہے ہیں اور دونوں میں کوئی ہم آہنگی نہیں ہے۔ان تمام چیزوں سے میرے اس اندیشے کو تقویت ملتی ہے کہ 4جون کے بعد بہار میں کچھ بڑا ہونے جارہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب سے نتیش کمار مہاگٹھ بندھن سے علٰحدہ ہوئے ہیں‘ جس کی قیادت آرجے ڈی کرتی تھی‘ آرجے ڈی لیڈر نے جنتادل یو کے صدر کے اوپر کوئی محاذی حملہ کرنے سے گریز کیا ہے۔