نئی دہلی۔ اگر مسجد سے لاؤڈ اسپیکر نہیں ہٹائے گئے تو نعشیں گننے کے لیے تیار رہیں۔سیاست نیوز پورٹل کی خبر کے مطابق اتر پردیش کے ضلع غازی آباد کے مودی نگر، آدرش کالونی میںسنہری مسجد کے مصلیوں کو یہ دھمکی آمیز خط روانہ کیا گیا ہے۔ خط ملنے کے بعد مقامی افراد نے مراد نگر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروا دی۔شکایت درج کرنے کے بعد پولیس بھی متحرک ہو گئی اور مسجد کے پاس پولیس فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ سنہری مسجد میں ہفتہ کی صبح جب لوگ نماز پڑھنے کیلئے پہنچے تو انہیں وہاں یہ دھمکی آمیز خط نظر آیا ۔ حالات کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے پولیس کے اعلی عہدیدار بھی مقام واقع پر پہنچ گئے اور باریک بینی سے اس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مسجد کے آس پاس نصب کیمروں کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ خط پہنچانے والے اور لکھنے والے کی شناخت کی جا سکے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ یہ کسی کی شرارت بھی ہو سکتی ہے۔ اس دھمکی آمیز خط میں لکھا تھا کہ مسلمانوں میری بات غور سے سنیں، مسجد کے اسپیکر سے آواز آئی تو نعشیں گننے کے لیے تیار رہیں، مراد نگر میں نصب تمام اسپیکرس کو بند کر دیا جائے۔ یہی نہیں خط لکھنے والے نے اپنا نام سناتنی لکھا ہے۔ واضح رہے کہ پہلے ہی مساجد سے لوڈ اسپیکرس کو ہٹانے کی دھمکی دینے والا سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے ۔آیوش تیاگی نامی شخص نے کہا تھا کہ اقلیتی برادری کے لوگوں کو مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کو کہا جائے۔اس نے یہ بھی کہا کہ وہ خود لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیں ورنہ ہٹا دیا جائے گا۔