نئی دہلی: آسام کے بارپیٹا سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عبدالخالق نے کہا کہ مجوزہ یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) ہندوستان میں ممکن نہیں ہے۔ ‘یو این آئی’ کے ساتھ بات چیت میں خالق نے کہا کہ ہندوستان میں ثقافتوں، مختلف قبائل اور مذاہب کا تنوع ہے، اس لیے یہاں یو سی سی ممکن نہیں ہے۔ اس کے طور طریقہ کیا ہیں، اس کے لیے پہلے آپ کو مسودہ شائع کرنا ہوگا پھر اس پر کچھ بات چیت ہو سکتی ہے۔ پھر بھی اگر آپ (حکومت) یو سی سی لانا چاہتے ہیں، تو یہ سب کے لیے نافذ ہونا چاہیے۔ اس میں کوئی چھوٹ نہیں ہونی چاہیے ورنہ یہ بے معنی ثابت ہو گا۔
منی پور کی صورتحال پر خالق نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں تنازع سے متاثرہ شمال مشرقی ریاست کا دورہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، “وزیراعظم ہر معاملے پر ٹوئٹ کرتے ہیں پر ابھی تک انہوں نے ریاست کے لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل نہیں کی۔ انہیں منی پور کا دورہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی این بیرن سنگھ کو منی پور میں حالات پر قابو پانے میں ان کی مبینہ ناکامی پر برطرف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ کی قیادت والی حکومت مکمل طور پر ناکام رہی ہے اور اسے برخاست کر دیا جانا چاہئے۔
انہوں نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے بھی درخواست کی کہ انہیں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک آل پارٹی وفد منی پور بھیجنا چاہئے۔ انہوں نے کہا، ’’میں لوک سبھا اسپیکر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک آل پارٹی ٹیم منی پور بھیجیں۔‘‘ اس سے پہلے کانگریس نے کہا تھا کہ وہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں میں منی پور کی صورتحال پر بحث کا مطالبہ کرے گی اور چاہتی ہے کہ وزیر اعظم اس معاملے پر پارلیمنٹ اور ملک کو اعتماد میں لیں۔