راجستھان کے ضلع بالوترا کی ’پچپدرا ریفائنری‘ میں پیر (20 اپریل) کو زبردست آگ لگ گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی منگل (21 اپریل) کو اس ریفائنری کا افتتاح کرنے والے تھے، لیکن آگ لگنے کے باعث وزیر اعظم مودی کا راجستھان دورہ منسوخ ہو گیا ہے۔ ریفائنری میں آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی 2 درجن سے زائد گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی کو ریفائنری کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ ایک عوامی جلسے سے بھی خطاب کرنا تھا۔ آگ لگنے کے واقعے کی وجہ سے وزیر اعظم مودی کا افتتاحی پروگرام ملتوی کر دیا گیا ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کے دفتر نے وزیر اعظم کے پروگرام کے ملتوی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کو بھی پیر کی شام پچپدرا پہنچنا تھا۔
پچپدرا ریفائنری کے کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ‘ (سی ڈی یو) میں آگ لگی تھی۔ افسران نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور بہت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ افسران کا کہنا ہے کہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے ایمرجنسی ٹیموں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور کسی کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ فائر بریگیڈ کی تقریباً 50 گاڑیاں موقع پر موجود تھیں۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
















