معروف سماجی کارکن اور بیئرفٹ کالج کے بانی سنجیت بنکر رائے کا منگل (10 نومبر) کی صبح انتقال ہو گیا۔ وہ 81 سال کے تھے۔ انہوں نے تلونیا میں واقع اپنی رہائش پر صبح 6 بج کر 15 منٹ پر آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کے وقت ان کی اہلیہ ارونا رائے، جو خود بھی ایک معروف سماجی کارکن ہیں اور دیگر قریبی لوگ موجود تھے۔ سماجی کارکن نکھل ڈے نے بتایا کہ بنکر رائے کی آخری رسومات آج شام 4 بجے تلونیا میں ادا کی جائیں گی۔ بنکر رائے نے 5 دہائیوں تک سماجی خدمت کے شعبے میں اہم کردار ادا کیا۔
سنجیت بنکر رائے کے انتقال پر کانگریس کے راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک طویل پوسٹ کی۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’سول سوسائٹی میں ادارے قائم کرنے والے ممتاز رہنما بنکر رائے کا ابھی انتقال ہو گیا ہے۔ بہترین تعلیم حاصل کرنے اور کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے بعد 1972 میں انہوں نے اپنی زندگی سماجی سرگرمیوں اور دیہی ترقی کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا اور ضلع اجمیر کے تلونیا کو اپنا مرکز بنایا۔ نصف صدی سے زیادہ عرصے تک وہ ایک نمایاں شخصیت رہے اور ملک کے مختلف حصوں میں سینکڑوں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دیتے رہے۔ تلونیا میں ان کا قائم کردہ بیئرفٹ کالج ان کے عزم، فکر اور مقاصد کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔

















