بیگو سرائے میں دیہی باشندوں نے احتجاج کا دلچسپ طریقہ اختیار کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ مقامی باشندوں نے ٹوٹی ہوئی سڑکوں کا نام رکن پارلیمنٹ گری راج سنگھ اور رکن اسمبلی کندن کمار کے نام پر رکھ دیا ہے۔ گڈھوں کا نام بھی برسراقتدار طبقہ کے لیڈران کے نام پر رکھا گیا ہے، تاکہ انھیں شرمندگی محسوس ہو۔ جو تصویریں سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، ان میں کسی گڈھے کا نام ’گری راج کنڈ‘ رکھا گیا ہے، تو کسی کا نام ’کندن کنڈ‘ رکھا گیا ہے۔ اس دلسچت احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
یہ معاملہ ضلع بیگوسرائے کے ویرپور بلاک علاقے کی پرا پنچایت کا ہے۔ یہاں پرا-سرونجا سڑک کی خستہ حالی سے پریشان دیہی باشندوں نے احتجاج کا یہ انوکھا طریقہ اختیار کیا۔ دیہی باشندوں نے رکن پارلیمنٹ گری راج سنگھ اور رکن اسمبلی کندن کمار کی تصویروں والی تختیاں تیار کیں۔ ان پر سڑک کے گڈھوں کے لیے ’گری راج کنڈ‘ اور ’کندن کنڈ‘ جیسے نام لکھے گئے۔ اس کے بعد لوگ سڑک پر بنے گڈھوں کے پاس پہنچے اور وہاں تختیاں لگا کر ان کا نام رکھنے لگے۔ ویڈیو میں نوجوان تصاویر والی تختیاں لے کر سڑک کے الگ الگ گڈھوں کے پاس جاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس دوران دیہی باشندوں نے سڑک کی خستہ حالی پر اپنی ناراضگی ظاہر کی اور جلد از جلد اس کی مرمت کرانے کا مطالبہ کیا۔
دیہی باشندوں کا پیغام واضح ہے کہ جب سڑکوں کے مسائل طویل عرصے تک حل نہیں ہوتے ہیں تو ذمہ دار نمائندے کی توجہ مرکوز کرانے کے لیے اس نوعیت کے احتجاج کی ضرورت پڑتی ہے۔ لوگوں نے وارننگ دی ہے کہ اگر سڑک کی مرمت نہیں ہوتی ہے تو باضابطہ تحریک چلائی جائے گی۔ مقامی باشندوں کے مطابق پرا-سرونجا سڑک کی حالت کافی دنوں سے خراب ہے۔ دیہی باشندوں کا الزام ہے کہ 2020 میں کندن کمار کے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد گزشتہ 6 برسوں میں سڑک کی تعمیرات کے حوالے سے اقدامات نہیں کیے گئے۔ حالانکہ اس الزام پر متعلقہ عوامی نمائندوں یا محکمہ کا موقف سامنے آنا باقی ہے۔ سڑک پر مختلف جگہوں پر بڑے بڑے گڈھے ہوگئے ہیں۔ جس کی وجہ سے دو پہیہ گاڑیوں، رکشہ، آٹو اور کاروں سے آمد و رفت کرنے والوں کو بے حد دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔













