کولکتہ :مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع کے فرخہ میں کراسنگ سے گزر رہے ایک ٹرک سے ٹکرانے کے بعد کولکاتا-رادھیکاپور ایکسپریس کے مسافر بال بال بچ گئے۔ ریلوے ذرائع نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ اتوار کی دیر شب پیش آئے اس واقعہ میں کوئی ہلاک نہیں ہوا ہے، لیکن تقریباً 15 مسافر زخمی ہو گئے۔ ٹکر کی وجہ سے ٹرین کے ایک ڈبے میں آگ بھی لگ گئی تھی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے جلد ہی آگ پر قابو پا لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹرین کے لوکو پائلٹ نے ایمرجنسی بریک لگا کر ٹکر سے بچنے کی کوشش کی، لیکن اس سے حادثہ کو پوری طرح سے ٹالا نہیں جا سکا۔ حالانکہ اس سے حادثہ کی سنگینی کچھ کم ضرور ہو گئی۔ ریلوے افسران کے مطابق اگر لوکو پائلٹ الرٹ نہیں ہوتا اور ایمرجنسی بریک نہیں لگاتا تو حادثہ مزید خوفناک ہو سکتا تھا۔ ٹکر کے سبب ٹرک بری طرح متاثر ہو گیا اور ریلوے ٹریک بھی۔ اس سے متاثرہ روٹ پر ٹرین خدمات کچھ دیر کے لیے رخنہ متاثر ہو گئیں۔ کچھ ٹرینوں کو کینسل کرنا پڑا تو کچھ دیگر ٹرینوں کا راستہ بدلا گیا۔