نئی دہلی :آج ملک بھر میں یومِ اساتذہ منایا جارہا ہے۔ یہ دن ماہرتعلیم اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروپلّی رادھا کرشنن کے یومِ پیدائش پر منایا جاتا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج نئی دلّی میں ایک تقریب میں 75 منتخب ایوارڈ یافتگان کو سال 2023 کا قومی ٹیچر ایوارڈ سے سرفراز کیا۔ ان میں 50 اسکول ٹیچر، 13 اساتذہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے اور 12 اساتذہ ہنرمندی کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت سے منسلک ہیں۔ اِس سال سے قومی ٹیچرس ایوارڈ کے دائرے میں توسیع کرکے اعلیٰ تعلیم کے محکمے اور ہنرمندی کے فروغ اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت کے اساتذہ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ہر سال بھارت، ڈاکٹر سروپلّی رادھا کرشنن کے یومِ پیدائش، 5 ستمبر کو اساتذہ کا قومی دن مناتا ہے۔اساتذہ کے قومی ایوارڈ کا مقصد ملک میں اساتذہ کی منفرد خدمات کو تسلیم کرنا اور اُن اساتذہ کو اعزاز بخشنا ہے جنھوں نے اپنی محنت اور لگن سے نہ صرف تعلیم کے معیار کو بہتر کیا بلکہ اپنے طلبا کی زندگیوں کو بھی روشن کیا ہے۔ ایوارڈ میں ایک توصیفی سند، پچاس ہزار روپئے کا نقد انعام اور ایک چاندی کا تمغہ شامل ہے۔
اِس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے مستقبل کی تعمیر اور امنگوں سے بھرے خوابوں کو پورا کرنے میں اساتذہ کی کوششوں اور بے پناہ لگن کی وجہ سے اُنھیں سلام پیش کیا۔ جناب مودی نے عظیم ماہرتعلیم اور سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروپلّی رادھا کرشنن کو بھی اُن کے یومِ پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیر اعظم نے کَل نئی دلّی میں اپنی رہائش گاہ پر اساتذہ کے ساتھ اپنی بات چیت کے اہم نکات بھی شیئر کئے۔