امراوتی: یہاں کی ایک مقامی عدالت نے جمعرات، 5 اکتوبر کو اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اسکام کیس میں تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ این چندرابابو نائیڈو کی عدالتی ریمانڈ میں 19 اکتوبر تک توسیع کردی۔انسداد بدعنوانی بیورو کورٹ نے جمعرات کو ریمانڈ کی دوسری توسیع ختم ہونے کے بعد آج تیسری بار نائیڈو کی تاریخ میں توسیع کی۔
عدالت نے نائیڈو کی ضمانت کی عرضی اور آندھرا پردیش پولیس کی سی آئی ڈی کی درخواست کی سماعت بھی جمعہ تک ملتوی کر دی۔سی آئی ڈی کی نمائندگی ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پی سدھاکر ریڈی نے کی جبکہ سپریم کورٹ کے وکیل پرمود دوبے نے سابق چیف منسٹر کی طرف سے دلیل دی۔سی آئی ڈی نائیڈو سے مزید پوچھ گچھ کرنے کے لیے ان کی مزید پانچ دن کی پولیس حراست طلب کر رہی ہے کیونکہ انہوں نے 23 اور 24 ستمبر کو پہلے دو دن کی تحویل میں پوچھ گچھ کے دوران تفتیش کاروں کے ساتھ مبینہ طور پر تعاون نہیں کیا۔
وا ضح ہو کہ نائیڈو کو 9 ستمبر کو اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے فنڈز میں مبینہ طور پر غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ریاستی خزانے کو 300 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا تھا۔