نئی دہلی: ای ڈی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں گرفتار عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو آج کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیاگیا جہاں سے سنجے سنگھ کو 5 دنوں کے لئے ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ سنجے سنگھ اور ای ڈی کے دلائل سننے کے بعد راؤز ایونیو کورٹ نے فیصلہ دیا کہ سنجے سنگھ 10 اکتوبر تک ای ڈی کی حراست میں رہیں گے۔ ای ڈی اب سنجے سنگھ کو 10 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے عدالت میں پیش کرے گی۔ اس سے قبل عدالت نے کچھ وقت کے لئے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
سماعت کے دوران سنجے سنگھ کے وکیل موہت ماتھر نے عدالت سے کہا کہ یہ بتایا جائے کہ سنجے سنگھ کو کس بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ اس پر راؤز ایونیو کورٹ میں ای ڈی کے وکیل نے کہا کہ دو الگ الگ لین دین ہوئے ہیں اور یہ کل 2 کروڑ روپے کا لین دین ہے۔دنیش اروڑہ کے بیان کے مطابق سنجے سنگھ کے گھر پر رہنے والے سرویش مشرا نے فون پر لین دین کی تصدیق کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ پی ایم ایل اے تبھی لگایا جا سکتا ہے جب جرم کی رقم ادا کی جائے۔ جرم کی آمدنی کا بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر ملزم سے منسلک ہونا چاہیے۔
ای ڈی نے 10 دن کا ریمانڈ مانگا تھا جبکہ سنجے سنگھ نے ای ڈی کے ریمانڈ کی مخالفت کی تھی۔سنجے سنگھ کے وکیل نے ای ڈی کے 10 دن کے ریمانڈ کے مطالبے کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں 239 مرتبہ تلاشی لی گئی، ڈیجیٹل ثبوت کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔ سنجے سنگھ کے وکیل نے کہا کہ عدالت کو دیکھنا چاہئے کہ میری رہائش گاہ پر چھاپے میں ایسا کچھ نہیں ملا جو اس کیس سے متعلق ہو۔