رانچی : بارہویں درجہ کے بعد بیشتر طالبات کالج کی دوری زیادہ ہونے کی وجہ سے تعلیم ترک کر دیتی ہیں۔ طالبات کے کالج آنے جانے کے لیے انھیں سفری بھتہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ جھارکھنڈ میں کانگریس اور جے ایم ایم کی اتحادی حکومت ان دنوں ریاستی خواتین اور بیٹیوں پر بہت مہربان نظر آ رہی ہے۔ ہیمنت سورین حکومت پہلے سے ہی دیرینہ ’مئیا سمّان یوجنا‘ کے تحت 56 لاکھ سے زائد خواتین کے اکاؤنٹ میں 2500 روپے ہر ماہ معاشی مدد کی شکل میں دے رہی ہے، اب حکومت ریاست کی بیٹیوں کیلئے ایک بڑی سوغات لے کر سامنے آئی ہے۔ حکومت کالج و یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو ہر ماہ 1000 روپے ’سفری بھتہ‘ دے گی۔ دی گئی جانکاری کے مطابق کالج میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو 1000 روپے ماہانہ سفری بھتہ نئے تعلیمی سیشن سے فراہم کیا جائے گا۔ اس سفری بھتہ کا فائدہ ہر طبقہ کی طالبات کو ملے گا۔ حکومت کا محکمہ اعلیٰ و تکنیکی تعلیم اس منصوبہ کا مسودہ تیار کر رہا ہے۔ حکومت آئندہ مالی سال 26۔2025 کے تعلیمی سیشن سے اس منصوبہ کو نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔